۹ ۹ ۹ سُنن الفِطرۃ ::: فِطرت کی سُنتیں ۹۹۹
أَعُوذُ بِاللَّهِ السَّمِيعِ
الْعَلِيمِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ مِنْ هَمْزِهِ وَنَفْخِهِ وَنَفْثِهِ
بِسمِ اللَّہ ،و السَّلامُ عَلیَ مَن اتبع َالھُدیٰ و سَلکَ عَلیَ
مَسلکِ النَّبیِّ الھُدیٰ مُحمدٍ صَلی اللہُ علیہِ وعَلیَ آلہِ وسلَّمَ ، و قَد خَابَ
مَن یُشقاقِ الرَّسُولَ بَعدَ أَن تَبینَ لہُ الھُدیٰ ، و اتبِعَ ھَواء نفسہُ
فوقعَ فی ضَلالاٍ بعیدا :::شروع اللہ کے نام
سے ، اورسلامتی ہو اُس شخص پر جس نے ہدایت
کی پیروی کی ، اور ہدایت لانے والے نبی محمد صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم کی راہ
پر چلا ، اور یقینا وہ شخص تباہ ہوا جس نے رسول کو الگ کیا ، بعد اس کے کہ اُس کے
لیے ہدایت واضح کر دی گئ اور(لیکن اُس شخص نے) اپنے نفس کی خواہشات کی پیروی کی پس بہت دور کی گمراہی
میں جا پڑا ۔
السلامُ
علیکُم و رحمۃُ اللہ و برکاتہُ ،
ابو ہُریرہ رضی اللہ عنہ ُ کا کہنا ہے
کہ ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم
نے فرمایا﴿ الْفِطْرَةُ خَمْسٌ - أَوْ خَمْسٌ مِنَ الْفِطْرَةِ (1)-
الْخِتَانُ وَ(2)الاِسْتِحْدَادُ
، وَ(3)نَتْفُ
الإِبْطِ ، وَ(4) تَقْلِيمُ الأَظْفَارِ ، وَ(5)قَصُّ
الشَّارِب:::فِطرت پانچ (کام )ہیں،یا فرمایا ، پانچ کام فطرت میں سے ہیں (1)شرم گاہ کے بال اُتارنا ،اور(2)ختنہ
کرنا، اور(3)مُونچھیں کُترنا، اور(4)اور بغلوں کے بال اُکھیڑنا،اور(5)اور
ناخُن کاٹنا﴾صحیح البُخاری/حدیث/5889کتاب اللباس/باب63،صحیح مُسلم /حدیث/620کتاب الطہارۃ /باب16، اور باقی چار سُنن ، مؤطا مالک،صحیح ابن حبان ،
مُسند احمد ،اور دیگر کتب میں بھی روایت کی گئی ہے ،
اللہ تبارک و تعالیٰ نے اپنے خلیل
محمدرسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم کے اِس فرمان مُبارک کے ذریعے ہمیں جو
کچھ سمجھایا ہے ، اِن شاء اللہ اِس مضمون میں اِختصار کے ساتھ اُسے بیان کیا جائے
گا ،
:::::: فِطرت کی سُنّت کا کیا معنی ٰ ہے ؟ ::::::
إِمام محمد بن علی الشوکانی رحمہ ُ اللہ
نے نیل الأوطار /کتاب الطہارۃ /باب سُنن الفطرۃ ، میں لکھا """فِطرت
کی سُنّت سے مُراد ہے کہ یہ پانچ کام ایسے ہیں جِن کو کرنے والے کے بارے میں یہ
کہا جا سکتا ہے کہ وہ اُس فِطرت پر ہے جِس پر اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کو بنایا
، اور اِسی لیے اللہ نے (اپنے رسول کریم محمدصلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم کی زُبان شریف سے یہ باتیں ادا کروا کر لوگوں کو)اِن
کاموں کے کرنے کی ترغیب دِلائی اور اِن کاموں کو کرنا اُن کےلیے پسند فرمایا،تا کہ
وہ مکمل(فِطرتی)صِفات اورصُورت والے بنیں"""،
اور مزید لکھا کہ """(إِمام
)البیضاوی(رحمہُ اللہ)نے اِس حدیث میں بیان کیے گئے کاموں کو فطرت کہنے کی شرح میں
کہا،کہ ، اِن کاموں کو فطرت کہنے سے مُراد
یہ ہے کہ یہ کام کرنا تمام تر نبیوں کی ہمیشہ سے سنّت رہی ہے ، اور اِن کاموں کا
کرنا تمام شریعتوں میں مُقرر رہا ہے ، گویا کہ یہ ایسے کام ہیں جو اِنسان کی جبلت
(فِطرت ،گُھٹی )میں ہیں"""،
::: (1) ختنہ کروانا ::: یہ کام بھی مردوں اور عورتوں کے لیے مشترکہ ہے ، گو کہ ہمارے مُعاشرے میں بچیوں کاختنہ تقریباً بالکل غیر معروف چیز ہے لیکن عرب مُعاشرے میں یہ کام رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم کے زمانے سے پہلے بھی تھا اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم نے اِسے فِطرت کی سُنّتوں میں شامل قرار دے کر بر قرار رکھا ، اور آج تک عرب مُعاشرے میں اِس پر عمل کیا جاتا ہے ، میں یہاں اِس کی تفصیل کا ذِکرنہیں کر رہا ، صِرف ایک حدیث ذِکر کرتا ہوں جو اِس بات کی دلیل ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم نے بچیوں کے ختنے کرنے کی منظوری عطاء فرمائی تھی ، اور اُن صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم کے زمانہ مُبارک میں یہ کام کیا جاتا تھا ،
::::: أنس ابن مالک رضی اللہ عنہ ُ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ
وعلی آلہ وسلم نے اُم عطیہ رضی اللہ عنہا
سے اِرشادفرمایا ﴿ إِذا
خَفَضتِ فَأَشِمَّی ، و لا تَنھِکِی ، فَإِنَّہ ُ أسرَی لِلوجہِ و أحظَیٰ للزوج:::جب تُم ختنہ کرو تو جِلد تھوڑی سی چھیل
دو بالکل کاٹو نہیں، ایسا کرنا (یعنی چھیلنا ، لڑکی کے )چہرے کے لیے رونق اور
اُسکے خاوند کے لیے لُطف کاسبب ہے﴾
تفصیل کے متمنی حضرات سلسلہ الأحادیث الصحیحہ / حدیث 722، کا مطالعہ فرماسکتے ہیں ۔
::: (2) الأستحداد ، شرم گاہ کے بال اُتارنا :::
الأستحداد کا لفظی معنی ٰ ہے ، لوہے کی دھاری دار چیز، چُھری، چاقو ،
خنجر ،تلوار، اُسترے وغیرہ کی دھار کو تیز کروانا ،
اور اِسی مفہوم میں سے بال مونڈھنے کے
عمل کو""" استحداد""" کا نام اِس لیے دِیا گیا ہے کہ
اِس کام کرنے کے لیے اُسترہ اِستعمال کیا جاتا تھا ، اور میں نے ترجمہ میں"""
شرم گاہ کے بال اُتارنا""" اِس لیے لکھا ہے کہ یہ بات بھی دوسری
أحادیث سے معلوم ہوتی ہے کہ جِسم کی کونسی جگہ سے بال مونڈھنے کا حُکم دِیا گیا
ہے ، جیسا کہ درج ذیل احادیث شریفہ میں ہے ،
::::: اِیمان والوں کی والدہ محترمہ ، امی جان عائشہ
رضی اللہ عنہا و أرضاھا کا کہنا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ
وسلم نےاِرشاد فرمایا﴿عَشرٌ مَن الفِطرۃِ (1)قَصُّ
الشَارِبِ ،و(2)
إِعفاءُ اللحِیۃِ ،و(3) السِّواکُ ، و(4) اِستَنشَاق ُ الماءُ ،و(5)
قَصُّ الأظَافرِ ، و (6)غَسلُ البَراجِمِ ،و (7) نَتف ُ الإِبطِ ، و(8)
حَلق ُ العَانۃِ ،، و (9)اِنتقاصُ الماءِ ::: دس(کام)فطرت
میں سے ہیں (1)مونچھیں کُترنا،اور(2)داڑھی کو (کاٹنے کُترنے سے )معاف رکھنا،اور(3)مسواک کرنا،اور (4)ناک
صاف کرنے کے لیے ناک میں پانی چڑھا کر اُسے واپس نکالنا٭،اور(5)ناخُن
کاٹنا،اور(6)انگلیوں کے جوڑوں کو دھونا٭ اور(7)بغلوں
کے بال اُکھیڑنا،اور(8)العانہ (ناف کے نیچے شرم گاہ کے اِرد گرد
والے حصے )کے بال مُونڈھنا،اور(9)شرم گاہ کو دھونا٭٭﴾،
و
قال زِکریا ، قال مصعب ، نسیتُ العاشرہ إِلا أن تکون﴿المضمضۃِ﴾،
زکریا (حدیث کے ایک راوی)کا کہنا ہے کہ
، مُصعب(ایک دوسرے راوی) کا کہنا ہے کہ وہ دسویں چیز بھول گئے ہیں لیکن اُمید کرتے
ہیں کہ وہ دسویں چیز﴿خوب
اچھی طرح سے کُلی کرنا﴾ہو گی ۔ صحیح مُسلم/حدیث 261/کتاب
الطہارۃ /باب 16خصال الفطرۃ ،
٭یہ کام وضوء کے درمیان کرنے کے ہیں ، خواہ وہ عام وضوء ہو ، یا طہارت
اختیار کرنے کے لیے کیے جانے والے غُسل کے آغاز میں کیا جانے والا وضوء ہو ۔
٭٭ یعنی پانی سے استنجاء کرنا، اورایک دوسری روایت جو کہ سُنن ابن ماجہ میں
ہے ، اور اِمام الالبانی رحمہُ اللہ نے صحیح الجامع الصغیر / حدیث 4695 میں صحیح قرار دِیا ہے کی بُنیاد پر کہا گیا کہ اِس
سے مُراد وضوء کے بعد شرم گاہ کو پانی سے دھونا ہے تا کہ پلیدگی کا کوئی وسوسہ نہ
رہے ۔
::: ایک خاص وضاحت ::: کسی راوی کا اپنے کچھ بھول جانے کا ذِکر کرتے ہوئے کسی بات یا کام یا چیز کے بارے میں اندازے کے مطابق خبر دینا ، اُس راوی کا عیب یا کمزوری نہیں ، بلکہ اُس کی امانت داری ، صداقت اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم سے کچھ غلط منسوب کرنے سے خوف کی عِلامت ہے ، لہذا اِس میں صحیح احادیث شریفہ پر طعن کرنے والے ، یا اُن کا اِنکار کرنے والے کسی مریض کے لیے کوئی حُجت نہیں ۔
::::: دُوسری روایت عبداللہ ابن عُمر رضی اللہ
عنہما سے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم نے فرمایا ﴿مِن الفِطرۃِ
حَلق ُ العَانَۃِ ، و تَقلیِمُ الأظفارِ ، و قَصُّ الشَّارِبِ:::شرم گاہ کے اِرد گِرد سے بال مونڈھنا ،
اور ناخُن کاٹنا ، اور مونچھیں کاٹنا فِطرت میں سے ہیں﴾صحیح البُخاری /حدیث 5790/کتاب
اللباس /باب24،
جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما ، رسول
اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم کے ساتھ تبوک کے جِہادی سفر سے واپسی کا واقعہ
سُناتے ہوئے بتاتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم نے اِرشاد فرمایا
(((أمْلُهوا حتَّى تَدْخُلُوا لَيْلاً أيْ: عِشاءً لِكَي تَمْتَشِطَ الشَّعَثةُ، وتَسْتَحِدَّ المُغِيبَةُ:::آہستہ چلو، یہاں تک کہ تُم لوگ رات کے
وقت(اپنے گھروں میں) اپنے گھروں میں داخل ہو، رات یعنی عِشاء کی نماز
کے بعد،تا کہ جن عورتوں کے بال بگڑے ہوئے ہیں وہ
کنگھی کر لیں ، اور جِس کا خاوند اُس سے دُور تھا وہ( اپنی شرمگاہ وغیرہ کےبال)
تیز دھار چیز سے صاف کر لے ﴾صحیح بخاری/حدیث/5075کتاب
النکاح/باب10 تَزْوِيجِ الثَّيِّباتِ،
إِمام بدرالدِین محمد محمود العینی الحنفی
رحمہُ اللہ نے """عُمدۃ القاری شرح صحیح بخاری"""میں
اس حدیث شریف کی شرح میں لکھا کہ """ قَوْله: (وتَسْتَحِدَّ
المُغِيبَةُ) أَي: تسْتَعْمل الحديدة فِي إِزَالَة
الشّعْر::: رسول اللہ صلی اللہ علیہ
وعلی آلہ وسلم کے فرمان(وتستحد المغيبة) کا معنی ہے کہ وہ عورت اپنے بال اتارنے کے لیے لوہا
اِستعمال کرلے"""،
اور صحیح مُسلم کی روایت میں یہ الفاظ
ہیں کہ (((إِذَا قَدِمَ أَحَدُكُمْ لَيْلاً فَلاَ يَأْتِيَنَّ أَهْلَهُ
طُرُوقًا حَتَّى تَسْتَحِدَّ الْمُغِيبَةُ وَتَمْتَشِطَ الشَّعِثَةُ ::: اگر تُم لوگوں میں سے کوئی رات کے وقت
کہیں سے واپس آئے تو یک دم اچانک اپنے گھر والوں کے پاس نہ داخل ہو، یہاں تک کہ
جِس عورت کا خاوند غائب ہو وہ( اپنی شرمگاہ وغیرہ کےبال) تیز دھار چیز سے صاف کر
لے، اور جس عورت کے بال بگڑے ہوں وہ کنگھی کر لے﴾صحیح مُسلم/حدیث/5075کتاب النکاح/باب10 تَزْوِيجِ الثَّيِّباتِ،
إِمام النووی رحمہُ اللہ نے """شرح
صحیح مُسلم/کتاب الاِمارۃ /کے آخری باب السَّفَرُ قِطْعَةٌ مِنْ الْعَذَابِ وَاسْتِحْبَابِ
تَعْجِيلِ الْمُسَافِرِ إِلَى أَهْلِهِ بَعْدَ قَضَاءِ شُغْلِهِ،کی پہلی حدیث شریف""" کی شرح
میں اِس مذکورہ بالا حدیث کو ذِکر کیا اور کہا """ وَمَعْنَى تَسْتَحِدُّ الْمُغِيبَةُ أَيْ تُزِيلُ شَعْرَ عَانَتِهَا
وَالْمَغِيبَةُ الَّتِي غَابَ زَوْجُهَاوَالِاسْتِحْدَادُ اسْتِفْعَالٌ مِنَ
اسْتِعْمَالِ الْحَدِيدَةِ وَهِيَ الْمُوسَى وَالْمُرَادُ إِزَالَتُهُ كَيْفَ
كَانَ:::اور(تَسْتَحِدَّ
المُغِيبَةُ)کامعنی ہے کہ اپنے زیر ناف
حصے کے بال اتار لے،اور ()وہ عورت ہے جِس کا خاوند اُس سے غائب ہوا ہو،اوراِستحداد
لوہا اِستعمال کرنا ہے ، جو کہ اُسترہ ہوتا ہے ، اور اِس حکم سے مُراد (زیرناف حصے
کے)بال اُتارنا ہے خواہ کیسے بھی اُتارے جائیں"""،،
:::::: غلط بے بنیاد فتوے :::::: یہاں اِس بات
کا ذِکر کرنا انتہائی مُناسب لگتا ہے کہ ہمارے ماحول میں عام طور پر بڑے عجیب و
غریب فتوے پائے جاتے ہیں ، اور اُن فتووں کی سچائی کے ثبوت پر اُن سے بڑھ کر عجیب
و غریب واقعات سُنائے جاتے ہیں ، اور ایسے
فتوؤں میں سے چند اِس موضوع سے متعلق بھی ہیں، جِن کا لُبِ لُباب یہ ہے کہ عورت
اپنے جِسم سے کوئی بال کاٹنے کے لیے لوہا اِستعمال نہیں کرے گی اور اگر ایسا کیا
تو اُس پر اتنا اتنا گُناہ ہے ،ا ور اُس کی یہ یہ سزا ہے ، جب کہ اوپر بیان کی گئی
حدیث میں صاف طور پرتیز دھار أوزار اِستعمال کرنے کا ذِکر ہے اور عورت اور مرد کے
لیے کوئی فرق نہیں،
یوں بھی شاید ہی کوئی ایسا ہو گا جو یہ نہ
سمجھتا ہو کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم اور صحابہ رضی اللہ عنہم اجمعین کے زمانے میں اور اُن کے مُعاشرے
میں بال صاف کرنے کے لیے آج جیسی چیزیں نہ تِھیں ،اور خواتین اور مرد سب ہی اپنے
بال صاف کرنے کے لیے لوہے کے بنے ہوئے اوزار اِستعمال کرتے تھے ، پلاسٹک بلیڈز یا
ریزرز (پلاسٹک کے چاقو یا اُسترے )میسر تھے ، اور نہ ہی ہیر ریمونگ کریمز یا لیکوڈز
(بال اُتارنے والے معجون یا محلول ،تیل وغیرہ )،لہذا اِس قِسم کے فتوؤں اور قصے
کہانیوں کی کوئی شرعی حقیقت نہیں ۔
اوپر بیان کی گئی احادیث
شریفہ کی روشنی میں یہ بالکل ثابت شدہ معاملہ ہے کہ"""استحداد """
سے مُراد """ناف کے نیچے والے حصے کے بال ، لوہے کی دھار دار چیز
سے صاف کرنا"""ہے، اور یہ کام مَرد اور عورت دونوں کے لیے ایک ہی جیسا
ہے ، عورت کو بال اتارنے کے لیے لوہے کی چیز اِستعمال کرنے کی کوئی ممانعت نہیں ۔
::: (3) بغلوں کے بال اُکھیڑنا ::: اِس مضمون کے پہلے صفحے میں نقل کی گئی پہلی اور دوسری حدیث شریف میں بغلوں کے بال اُکھیڑنے کا ذِکر ہے ، إِمام النووی رحمہُ اللہ نے پہلی حدیث مُبارکہ کی شرح میں لکھا :::
"""بغلوں کے بال
اُکھیڑنا گو کہ تکلیف دہ ہوتا ہے لیکن یہ ہی سُنّت ہے ، اگر کِسی سے برداشت نہ ہو
سکے تو وہ اُسترے سے بغلوں کے بال مُونڈھ سکتا ہے یا سفوف اِستعمال کر کے اُنہیں
اُتار سکتا ہے"""، شرح النووی علیٰ صحیح مُسلم ، کتاب الطہارۃ /باب
۱۶خصال
الفطرۃ ۔
::: (4) ناخُن کاٹنا ::: ناخُن کاٹنے کو بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم نے فطرت کی سُنّتوں میں شُمار فرمایا ۔
::: (5) مونچھیں کاٹنا یا کُترنا ::: بڑی اور لمبی مونچھیں جِنہیں کافروں اور مشرکوں کے نقالی کرتے ہوئے اور اُن کے فلسفوں کا شِکار بن کر""" مردانگی کی عِلامت"""سمجھا جاتا ہے ، فِطرت کی بھی خِلاف ورزی ہیں ، اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم کے اِس حُکم شریف کی بھی کہ ﴿أحفُوا الشَّوَارِبَ و أعفُو اللَّحَی:::مُونچھوں کو ہلکا کرو اور داڑھیوں کو (مُونڈھنے ، کُترنے سے ) معاف رکھو﴾ کی بھی ،٭٭
اِسی طرح
مونچھوں کوبالکل مونڈھ دینا بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم کے اِس حُکم کی ، اور راویِ حدیث صحابی کی
سُنّت کی ، اور سُنّتِ فطرت کی خِلاف ورزی ہے ۔
٭٭ عبداللہ ابن عُمر رضی اللہ عنہما اِس حدیث کے
راوی ہیں اور حدیث صحیح مُسلم /کتاب الطہارۃ /باب ۱۶خصال الفطرۃ میں ہے ، اور صحیح البُخاری/ کتاب اللباس/باب63 قُص الشارب ، میں اِمام البُخاری رحمہ ُ اللہ نے
تعلیقاً روایت کیا کہ""" ابن عُمراپنی مونچھیں اتنی ہلکی کرتے تھے
کہ نیچے سے جِلد کی سُفیدی دِکھائی دیتی تھی اور مونچھوں اور داڑھی کے درمیانی حصے
سے بھی بال اُتارتے تھے"""،
اور اِمام الالبانی نے """سلسلہ
الأحادیث الموضوعہ و الضعیفہ/حدیث 4056"""کی
تخریج کے آخر میں لکھا """(إِمام)الطحاوی(رحمہُ اللہ) نے (شرح
المعانی میں )اِس أثر (یعنی عبداللہ ابن عُمر رضی اللہ عنہما کے اِس فعل )کو
مُختلف سندوں سے روایت کیا ، جِن میں سے کچھ صحیح ہیں"""۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ
وسلم کے کِسی حُکم کی سب سے بہترین شرح
خُود اُن کے اپنے عمل یا فعل سے ملتی ہے اُس کے بعدصحابہ رضی اللہ عنہم اجمعین کے اقوال
وا فعال سے،
اور کِسی حدیث کو روایت کرنے والے صحابی رضی
اللہ عنہ ُ کا قول و فعل اُس مسئلے ، یا اُس کام ، یا اُس بات کے بارے میں سب سے
زیادہ بہترین شرح ہوتی ہے جو اُنہوں نے روایت کیا ہو ،
لہذا عبداللہ ابن عُمر رضی اللہ عنہما
کا یہ فعل رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم کے حُکم کی سب سے بہترین عملی
تشریح ہے ۔
مُونچھیں کاٹنے اور کُترنے کے بارے میں
کچھ مزید تفصیل میری زیر تیاری کتاب """وہ
ہم میں سے نہیں""" میں میسر ہے ، وللہ الحمد۔
::::: اِن کاموں کوزیادہ سے زیادہ کتنی دیر بعد کرلینا چاہیے ؟:::::
أنس بن مالک رضی اللہ عنہ ُ کا کہنا ہے﴿وُقِّت َ
لنَا فِی قَصُّ الشَّارِبِ ، و تَقلِیمُ الأظفارِ ، و نَتف ُ الإِبطِ ، و
حَلق العانَۃِ أن لا نترُکَ أکثر مِن أربعینَ لیلۃً ::: ہمارے لیے مُقرر کر دِیا گیا کہ ہم مونچھیں کُترنے ، اور
ناخن کاٹنے اور بغلوں کے بال اُکھیڑنے اور
زیر ناف بال مُونڈھنے میں چالیس راتوں سے زیادہ دیر نہ کریں ﴾ صحیح مُسلم / کتاب الطہارۃ/باب16 خصال الفطرۃ ،مُسند أحمد ،
سُنن ابن ماجہ ، سُنن الترمذی ، سُنن النسائی ، سُنن أبو داؤد ،
اِس حدیث شریف سے پتہ چلتا ہے کہ رسول
اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم نے جِن کاموں کو فِطرت کی سُنّتوں میں شُمار
فرمایا ہے اُن میں سے یہ پانچ کام ایسے ہیں جِن کو کرنے میں زیادہ سے زیادہ چالیس
دِن کی مُدت کی چُھوٹ دِی گئی ہے ، یعنی اِن کاموں کو چالیس دِن سے زیادہ دیر تک
نہ کرنا ناجائز ہے ، کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم کے حُکم کی
خِلاف ورزی ہے ۔
اور یہ بات بھی سمجھنے کی ہے جو کوئی
بھی اپنے ناخن ، بغلوں کے بال اور زیر ناف بال چالیس دِن سے زیادہ جتنی دیر تک بھی
نہیں کاٹے گا اُتنی دیر تک وہ شخص مسلسل رسول اللہ صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم
کے حکم کی نافرمانی کے گناہ میں ملوث رہے گا ،
رہا معاملہ نماز کے ہونے یا نہ ہونے کا
تو یہ اُس کے ناخنوں اور بالوں کی کیفیت پر منحصر ہے کہ اگر وہ ناخن اور بال میلے ہوں ، اور طہارت کے لیے
اِستعمال کیے جانے والے پانی کو جِلد تک نہ پہنچنے دیں تو اُس کی طہارت نہ ہو گی ،
اور وہ پلیدگی کی حالت میں رہے گا پس نماز بھی نہ ہو گی،
آخر میں قارئین کی توجہ ایک بات کی طرف
مبذول کرنا چاہتا ہوں کہ ابھی بیان کئی گئی احادیث میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ
وعلی آلہ وسلم نے جو کام بتائے ہیں اُنہیں"""
فِطرت کی سُنّتوں میں سے """ قرار فرمایا ہے ،
جِسکا مطلب ہے کہ صِرف یہ ہی فطرت کی
سُنّتیں نہیں ہیں ، لیکن یہ وہ ہیں جِن کو ہمارے لیے برقرار رکھا گیا ہے ، اور جو
کوئی اِن کے عِلاوہ ہیں اُن کا ہمیں بتایا نہیں گیا ، پس کِسی کام کو اپنے طور پر
فِطرت کی سُنّت سمجھ لینا اور اُس پر عمل کرنے کی کوئی گُنجائش نہیں ،
اور اِس سے بڑھ کر یہ کہ کِسی ممنوع کام
کو کھینچ تان کر سُنّتِ فِطرت بنا کر اُسکو کرنے کا جواز بنایا جائے گویا کہ اللہ
اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم
سے بڑھ کر عِلم اور دانائی والا ہونے کا عملی دعویٰ کیا جاناہے ،
یہ بات کہنے کا سبب کُچھ لوگوں کی ایک
فلسفیانہ دلیل ہے جو وہ اپنے چہرے کا حُلیہ بگاڑنے یعنی داڑھی مونڈھنے یا کترنے کے
لیے پیش کرتے ہیں ، اور وہ یہ کہ ، اللہ تعالیٰ نے ہر اِنسان کو فطرت پر بنایا ہے
اور پیدائش کے وقت اِنسان کے چہرے پر بال نہیں ہوتے ، لہذا اِن بالوں کوصاف کرنا
عین فطرتی معاملہ ہے بلکہ فطرت کی سُنّت پر عمل ہے ،
اِسی قِسم کے گمراہ فلسفے کے شِکار ایک
صاحب ایک عالِم کے سامنے اپنے فلسفے کا اِظہار فرما رہے تھے ، عالِم خاموشی سے اُن
کی لاف و گزاف سُنتے رہے ، اور وہ صاحب سمجھے کہ اُن کے فلسفے نے عالِم کو خاموش
کر دِیا ہے اور وہ جواب دینے کے قابل نہیں ، تو بڑے فخر اور تکبر کے ساتھ اُس
عالِم کو مخاطب کر کے کہا """ جی ، حضرت آپ ہماری اِس فِطری بات
کا کوئی جواب آپ دے سکتے ہیں ؟"""،
عالِم صاحب یہ جان چُکے تھے کہ یہ
بیوقوف شخص اور اِس کے فلسفے سے مُتاثر دوسرے اِس جیسے لوگ قُران اور سُنّت کی بات
کو اپنی گمراہ عقل اوراندھیرے فلسفے پر پرکھنے والے ہیں ،
لہذا پہلےاِن کے فلسفے کا جادُو توڑا جائے اور پھر قُران و
سُنّت کا بیان ہو ،
تو عالِم صاحب نے جواب دِیا """میں
آپ کی بات سے فی الحال اِتفاق کرتا ہوں کہ چونکہ اللہ کے حُکم سے جب اِنسان کی
پیدائش ہوتی ہے تو وہ فِطرت کی حالت پر ہوتا ہے ، قطع نظر اِس کے کہ فِطرت سے کیا
مُراد ہے ، آپ کی بات کے مُطابق مان لیتے ہیں کہ چونکہ اُس فِطری حالت میں اِنسان
کے چہرے پر داڑھی نہیں ہوتی لہذا داڑھی مُونڈھنا فِطری عمل ہے ، اور اب اُس پیدائش
کے وقت کو سامنے رکھتے ہوئے میں یہ کہتا ہوں کہ مجھے اجازت دی جائے کہ میں آپ کے
فلسفے زدہ سر پر اتنے جوتے برساؤں کہ آپ کے بال اُسی طرح بہت تھوڑے اور ہلکے ہو
جائیں جیسا کہ پیدائش کے وقت تھے ، کیونکہ اگر اُسترے سے مُونڈھے جائیں گے تو پھر
فطری حالت میں تو نہیں آ سکیں گے ،
اور صِرف اِس وقت نہیں بلکہ وقتاً فوقتاً جب بھی آپ کے بال آپ کے فلسفے
کی مقرر کردہ فِطری حالت سے خارج ہونے لگیں ،میں آپ کی یہ خدمت کرنے کے لیے تیار
ہوں ،
اور پیدائش کے وقت اِنسان کے دانت بھی
نہیں ہوتے ، لہذا آپ کے فلسفے کے پر عمل کرتے ہوئے میں آپ کے دانت توڑنا بھی خوش
نصیبی سمجھوں گا ، اور پیدائش کے وقت اِنسان بات کرنے کی صلاحیت بھی نہیں رکھتا
لہذا آپ کے فلسفے پر عمل کرتے ہوئے ، میں اپنے خرچے پر آپ کے لیے کِسی ایسے جراح
طبیب (سرجن)کا اِنتظام بھی کروا سکتا ہوں جو آپ کی زُبان کے وہ پٹھے (مسلز )بے حس
کر دے جو بات کرنے کے لیے ز ُبان کو حرکت میں لاتے ہیں ، اور پیدائش کے وقت چونکہ
اِنسان ،،،،
ابھی عالِم صاحب کی بات جاری تھی کہ وہ صاحب چیخ
اُٹھے """ بس بس جناب ، میں سمجھ گیا کہ میری سوچ ٹھیک نہیں تھی ،
آپ ہمیں تفصیل سے سمجھائیے کہ ہمیں ایک سچے اور اچھے مُسلمان کی حیثیت سے کیا کرنا چاہیے؟"""،
عالِم صاحب اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے
مجلس میں مُوجود سب صاحبان کو اللہ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ
وسلم کی بلا مَشروط اور عقل و فلسفے کی زد
میں لائے بغیر اطاعت اور تابع فرمانی کا درس دینے لگے ۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کو بھی یہ توفیق عطاء
فرمائے کہ ہم حق کو پہچان سکیں اور کِسی شرم ، بُزدِلی ، مجبوری کا شِکار ہوئے بغیر
اُس کو مانیں اور اُس پر عمل کریں اور اُس کی دعوت ہر ایک تک پہنچائیں، اور اللہ
تعالیٰ ہمارے نیک عملوں کو قُبُول فرمائے اور گناہوں ، غلطیوں اور کوتاہیوں سے
درگُزر فرمائے اور ہمارے خاتمے اِیمان پر فرمائے ۔
السلامُ علیکُم و رحمۃ ُ اللہ و برکاتہ
ُ ، طلباگارِ دُعا ، آپ کا بھائی، عادِل سُہیل ظفر۔
پہلی دفعہ نشر کرنے کی تاریخ :13/07/1428ہجری،بمُطابق،27/07/2007عیسوئی،
تجدید و تحدیث : 02/02/1436ہجری،بمُطابق،24/11/2014عیسوئی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مضمون کا برقی نسخہ درج ذیل ربط سے نازل
کیا جا سکتا ہے :
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
No comments:
Post a Comment