Saturday, March 11, 2017

::::::: سفر میں یا بغیر سفر کے ، نمازیں جمع کرنے کا حقیقی طریقہ :::::::


::::::: سفر  میں یا بغیر سفر کے ،  نمازیں جمع کرنے کا حقیقی طریقہ :::::::
بِسمِ اللَّہ ،و السَّلامُ عَلیَ مَن اتبع َالھُدیٰ و سَلکَ عَلیَ مَسلکِ النَّبیِّ الھُدیٰ مُحمدٍ صَلی اللہُ علیہِ وعَلیَ آلہِ وسلَّمَ ، و قَد خَابَ مَن یُشقاقِ الرَّسُولَ بَعدَ أَن تَبینَ لہُ الھُدیٰ ، و اتبِعَ ھَواء نفسہُ فوقعَ فی ضَلالٍ بعیدٍ۔
شروع اللہ کے نام سے ، اورسلامتی ہو اُس شخص  پر جس نے ہدایت کی پیروی کی ، اور ہدایت لانے والے نبی محمد صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم کی راہ پر چلا ، اور یقینا وہ شخص تباہ ہوا جس نے رسول کو الگ کیا ، بعد اس کے کہ اُس کے لیے ہدایت واضح کر دی گئ اور(لیکن اُس شخص نے) اپنے نفس  کی خواہشات کی پیروی کی پس بہت دور کی گمراہی میں جا پڑا ۔
السلامُ علیکُم و رحمۃُ اللہ و برکاتہُ ،
حالات سفر میں ، یا اُس کے بغیر ہی ، یعنی اپنے ہی شہر اور بستی میں رہتے ہوئے دو نمازوں کو جمع کرنے کے بارے میں عموماً دو اصطلاحات کا ذِکر ملتا ہے،
::: (1) ::: جمع صُوری،
::: (2) ::: جمع حقیقی،
أھل سُنّت والجماعت میں مروج مذاھب میں سے صرف حنفی مذھب میں ہی، جمع صُوری کا ذِکر ہے، اُس کے عِلاوہ کسی اور مذھب و مسلک میں اِس کا وجود نہیں ہے،
أحناف کا کہنا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم نے جمع حقیقی صرف عرفات اور مزدلفہ میں کیا تھا،
جب کہ یہ بات دُرست نہیں ،
اِس کی وضاحت اِن شاء اللہ آگے کی جائے گی،
اِس مسئلے کو اچھی طرح سے سمجھنے سے پہلے ہم جمع صُوری اور جمع حقیقی کے بارے میں جانتے ہیں اِن شاء اللہ،  
::: جمع صُوری :::  یہ ہے کہ ، مثلاً ، اگر کوئی شخص ظہر اور عصر کو جمع کرنا چاہتا ہے تو وہ ظھر کا وقت داخل ہونے کے اُس کے آخر وقت تک انتظار کرے جب عصر کا وقت داخل ہونے کے بالکل قریب ہو تو ظہر پڑھ لے، اور جیسے ہی عصر کا وقت داخل ہو تو عصر پڑھ لے،
اِس جمع صُوری میں صاف ظاہر ہو رہا ہے کہ دو نمازیں جمع تو کی ہی نہیں گئیں، بلکہ ہر ایک نماز کو اُس کے وقت میں ہی پڑھا گیا ہے، ایک کو اُس کے وقت کے بالکل آخری حصے میں جا کر پڑھا گیا، اور دوسری کو اُس کے وقت کے بالکل پہلے حصے میں،
اِس جمع صُوری کی کوئی دلیل ہمیں سُنّت شریفہ میں نہیں ملتی،
::: جمع حقیقی ::: جو کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم کی سُنّت شریفہ کی مطابقت رکھتی ہے وہ یہ ہے کہ کوئی شخص پہلی نماز کا وقت داخل ہوتے ہی، اذان کہے*1*، پھر ایک دفعہ اقامت کہہ کر وہ نماز ادا کرے، اور پھر دُوسری اقامت کہہ کر دُوسری نماز ادا کرے،
اِس کو جمع تقدیم کہا جاتا ہے،
اور جمع تاخیر یہ ہے کہ، کوئی شخص پہلی نماز کو دُوسری نماز کا وقت داخل ہونے تک متأخر کرے، اور جونہی دُوسری نماز کا وقت داخل ہو مذکورہ بالا طریقے پر ایک اذان کہہ کر اور باری باری دونوں نمازوں کے لیے اقامت کہہ کر بالترتیب دونوں نمازیں پڑھے،
اس طرح واقعتاً ایک نماز کے وقت میں دو نمازیں جمع ہوتی ہیں، اور یہی طریقہ رسول کریم محمد صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم کی سُنّت مُبارکہ سے ثابت ہوتا ہے،
اور یہی وہ طریقہ ہے جس پر عمل کرنے سے نماز کو اُس کے وقت میں ہی ادا کرنے کی فِکر مندی سے آزادی ملتی ہے، جو کہ دو نمازوں کو جمع کرنے کی اجازت دینے کی اصل حِکمت ہے،
جیسا کہ ، بڑی وضاحت کے ساتھ  عبداللہ ابن عباس رضی اللہ عنہ ُ  کی روایت میں ہے ، اِن شاء اللہ اِس کا ذِکر بھی آگے آئے گا ،
اب ہم دیکھتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ نے عرفات اور مزدلفہ کے سفر کے عِلاوہ بھی نمازیں جمع فرما کر ادا فرمائی ہیں ، اور جمع حقیقی کی ہیں ، جمع صُوری نہیں ،
::::: (1) :::::: معاذ ابن جبل رضی اللہ عنہ ُ ، کا کہنا ہے کہ ﴿ أَنَّ النَّبِىَّ -صلى الله عليه وسلم- كَانَ فِى غَزْوَةِ تَبُوكَ إِذَا ارْتَحَلَ قَبْلَ أَنْ تَزِيغَ الشَّمْسُ أَخَّرَ الظُّهْرَ حَتَّى يَجْمَعَهَا إِلَى الْعَصْرِ فَيُصَلِّيهِمَا جَمِيعًا وَإِذَا ارْتَحَلَ بَعْدَ زَيْغِ الشَّمْسِ صَلَّى الظُّهْرَ وَالْعَصْرَ جَمِيعًا ثُمَّ سَارَ وَكَانَ إِذَا ارْتَحَلَ قَبْلَ الْمَغْرِبِ أَخَّرَ الْمَغْرِبَ حَتَّى يُصَلِّيَهَا مَعَ الْعِشَاءِ وَإِذَا ارْتَحَلَ بَعْدَ الْمَغْرِبِ عَجَّلَ الْعِشَاءَ فَصَلاَّهَا مَعَ الْمَغْرِبِ :::جب نبی صلی اللہ علیہ وسلم غزوہ تبوک کے سفر میں تھے تو اگر آغازءسفر (کا وقت) سُورج کے غروب ہونے کی طرف مائل ہونے (یعنی ظہر کا وقت داخل ہونے)سے پہلےہوتا تو ظہر میں تاخیر فرماتے،یہاں تک کہ اُسے عصر کا وقت ہوجاتا، تو پھر دونوں کو ملا کر ادا فرماتے، اور اگر سفر آغازءسفر (کا وقت) سُورج کے غروب ہونے کی طرف مائل ہونے (یعنی ظہر کا وقت داخل ہونے)کے بعد کا ہوتا تو ظہر اور عصر دونوں کو اکھٹا پڑھ لیتے، اور پھر سفر پر روانہ ہوتے، اگر آغازءسفر (کا وقت)مغرب سے پہلے کا ہوتا تومغرب  میں اتنی تاخیر فرماتے کہ اُسے عِشاء کے ساتھ ملا کر پڑھتے،اور اگر آغازءسفر (کا وقت)مغرب کے بعد کا ہوتا تو عِشاء کی ادائیگی میں جلدی فرماتے اور اُسے مغرب کے ساتھ ہی پڑھ لیتے﴾سُنن ابو داؤد/حدیث/1222کتاب صلاۃ السفر /باب5 الْجَمْعِ بَيْنَ الصَّلاَتَيْنِ،سُنن الترمذی/حدیث/556کتاب الصلاۃ /باب282 مَا جَاءَ فِى الْجَمْعِ بَيْنَ الصَّلاَتَيْنِ،إِمام الالبانی رحمہُ اللہ نے  دونوں روایات کوصحیح قرار دِیا ہے،
::::: (2) :::::: أنس ابن مالک رضی  اللہ عنہ ُ ، کا کہنا ہے کہ﴿كَانَ النَّبِىُّ - صلى الله عليه وسلم - إِذَا ارْتَحَلَ قَبْلَ أَنْ تَزِيغَ الشَّمْسُ أَخَّرَ الظُّهْرَ إِلَى وَقْتِ الْعَصْرِ ، ثُمَّ يَجْمَعُ بَيْنَهُمَا ، وَإِذَا زَاغَتْ صَلَّى الظُّهْرَ ثُمَّ رَكِبَ ::: جب  کبھی نبی صلی اللہ علیہ وسلم سُورج کے ڈھلنے کے آغاز سے(یعنی ظہر کا وقت داخل ہونےسے )پہلےسفر پر روانہ ہوتے تو ظہر (کی ادائیگی )کو عصر کے وقت تک مؤخر فرما دیتے،پھر (عصر کا وقت داخل ہونے کے بعد، فوراً ہی)دونوں نمازوں کو جمع فرماتے،اور اگر (آغازء سفر کا وقت)سُورج ڈھلنے کے آغاز (یعنی ظہر کا وقت داخل ہونے)کے بعد کا ہوتا تو ظہر پڑھ کر (اپنی سواری پر)سوار ہوجاتے﴾صحیح بُخاری/حدیث/1111کتاب تقصیر الصلاۃ /باب15 يُؤَخِّرُ الظُّهْرَ إِلَى الْعَصْرِ إِذَا ارْتَحَلَ قَبْلَ أَنْ تَزِيغَ الشَّمْسُ،
اِس مذکورہ بالا حدیث شریف میں لفظ """إِلیٰ """ کی وجہ سے جمع صُوری کی طرف مائل ہونے کا شبہ ہوتا ہے، لیکن اِس کی گنجائش نہیں رہتی، کیونکہ اِنہی أنس ابن مالک رضی اللہ عنہ ُ نے ایک اور روایت میں معاملہ بالکل وضاحت کے ساتھ بیان کیا ہے ، جو  اِس معاملےکو  یقینی بناتا ہے کہ جمع صُوری درحقیقت ایک تخیلاتی صُورت ہی ہے،
حقیقت ، جمع حقیقی ہی ہے،
وہ دُوسری روایت درج ذیل ہے ،
::::: (3) :::::: ﴿إِذَا أَرَادَ أَنْ يَجْمَعَ بَيْنَ الصَّلاَتَيْنِ فِى السَّفَرِ أَخَّرَ الظُّهْرَ حَتَّى يَدْخُلَ أَوَّلُ وَقْتِ الْعَصْرِ ثُمَّ يَجْمَعُ بَيْنَهُمَا::: اگر دورانء سفر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم دو نمازوں کو جمع فرمانے کا اِرداہ فرماتے تو ظہر کو مؤخر فرماتے یہاں تک کہ عصر کا  اول وقت داخل ہوجاتا تو پھر دونوں نمازوں کو جمع فرماتے﴾صحیح مُسلم/حدیث/1660کتاب صلاۃ المُسافرین/باب5جَوَازِ الْجَمْعِ بَيْنَ الصَّلاَتَيْنِ فِى السَّفَرِ،
اِن دونوں مذکورہ بالا احادیث شریفہ سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ سفر میں نماز جمع کرنا لازمی نہیں،
::::: (4) :::::: عبداللہ ابن عُمر رضی اللہ عنہما  کا کہنا ہے کہ ﴿رَأَيْتُ رَسُولَ اللَّهِ - صلى الله عليه وسلم - إِذَا أَعْجَلَهُ السَّيْرُ فِى السَّفَرِ يُؤَخِّرُ صَلاَةَ الْمَغْرِبِ ، حَتَّى يَجْمَعَ بَيْنَهَا وَبَيْنَ الْعِشَاءِ،
 قَالَ سَالِمٌ وَكَانَ عَبْدُ اللَّهِ يَفْعَلُهُ إِذَا أَعْجَلَهُ السَّيْرُ ، وَيُقِيمُ الْمَغْرِبَ فَيُصَلِّيهَا ثَلاَثًا ، ثُمَّ يُسَلِّمُ ، ثُمَّ قَلَّمَا يَلْبَثُ حَتَّى يُقِيمَ الْعِشَاءَ ، فَيُصَلِّيهَا رَكْعَتَيْنِ ، ثُمَّ يُسَلِّمُ وَلاَ يُسَبِّحُ بَيْنَهَا بِرَكْعَةٍ،وَلاَ بَعْدَ الْعِشَاءِ بِسَجْدَةٍ حَتَّى يَقُومَ مِنْ جَوْفِ اللَّيْلِ:::میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا کہ اگر اُنہیں سفر کرنے میں تیزی کرنا ہوتی تو مغرب کی نماز میں تاخیر فرماتے یہاں تک کہ مغرب اور عِشاء کو جمع فرما لیتے،
سالم  کا کہنا ہے کہ ، عبداللہ(ابن عُمر رضی اللہ عنہما) کوئی بھی اگر سفر میں تیزی کرنا ہوتی تو ایسا ہی کرتے تھے،اور مغرب کی اقامت کہتے ، اور تین رکعت پڑھتے، پھر سلام پھیر دیتے، اور پھر بالکل تھوڑے سے وقفے سے عِشاء کی اقامت کہتے اور دو رکعت عِشاء پڑھتے، اور پھر سلام پھیر دیتے، اور اِن دونوں نمازوں کے درمیان ایک رکعت بھی(کوئی اورنماز) نہیں پڑھتے، اور نہ ہی عِشاء کے بعدکوئی سجدہ کرتے، یہاں تک کہ آدھی رات کے بعد(نفلی نماز کے لیے)کھڑے ہوتے﴾صحیح بُخاری/حدیث/1109کتاب تقصیر الصلاۃ /باب14 هَلْ يُؤَذِّنُ أَوْ يُقِيمُ إِذَا جَمَعَ بَيْنَ الْمَغْرِبِ وَالْعِشَاءِ،
عبداللہ ابن عُمر رضی اللہ عنہما کے اِس فعل سے یہ بھی پتہ چلا کہ دورانء سفر جمع کرنے کی صُورت میں  جمع کی جانے والی نمازوں سے متعلقہ سُنّت چھوڑی جا سکتی ہے،اور یہ بھی کہ دو نمازیں جمع کرنے کی صُورت میں دونوں نمازوں کے درمیان کوئی اور نماز نہیں پڑھی جائے گی،
 جی ، آدھی رات کے بعد نفلی نماز پڑھی جا سکتی ہے،  جو عِشاء کی نماز کے ساتھ متعلق سُنّت نماز نہیں ، بلکہ رات کی نماز کے طور پر الگ نفلی  نماز ہے،
اگر کوئی شخص ظہر اور عصر جمع تقدیم کی صُورت میں جمع کرنے سے پہلے ، ظہر سے پہلے والی  سُنّت نماز پڑھنا چاہے تو پڑھ سکتا ہے،
اور مغرب اور عِشاء جمع تقدیم کی صُورت میں مغرب سے پہلے دو نفل پڑھنا چاہے تو پڑھ سکتا ہے ،
::::: (5) :::::: عبداللہ ابن عباس  رضی اللہ عنہ ُ ، کا کہنا ہے کہ ﴿صَلَّى بِالْمَدِينَةِ سَبْعًا وَثَمَانِيًا الظُّهْرَ وَالْعَصْرَ ، وَالْمَغْرِبَ وَالْعِشَاءَ :::رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم) نے مدینہ(المنورہ) میں سات اور آٹھ رکعت نمازیں پڑھی (آٹھ رکعت تو ہوئیں)ظہر اور عصر(جمع کرکے)، اور (سات رکعت ہوئیں)مغرب اور عِشاء جمع کر کے﴾صحیح بُخاری/حدیث/543کتاب مواقیت الصلاۃ  /باب12 تَأْخِيرِ الظُّهْرِ إِلَى الْعَصْرِ،
اور یہی جمع حقیقی ہی وہ طریقہ ہے جس پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم نے  سفر  میں بھی ، اور سفر کے بغیر اور کسی خوف یا بارش وغیرہ کے عُذر کے بغیر بھی مدینہ المنورہ میں رہتے ہوئے عمل فرمایا ،
::::: (1) :::::عبداللہ ابن عباس رضی اللہ عنہما کا کہنا ہے کہ ﴿صَلَّى رَسُولُ اللَّهِ -صلى الله عليه وسلم- الظُّهْرَ وَالْعَصْرَ جَمِيعًا بِالْمَدِينَةِ فِى غَيْرِ خَوْفٍ وَلاَ سَفَرٍ
 قَالَ أَبُو الزُّبَيْرِ فَسَأَلْتُ سَعِيدًا لِمَ فَعَلَ ذَلِكَ فَقَالَ سَأَلْتُ ابْنَ عَبَّاسٍ كَمَا سَأَلْتَنِى فَقَالَ أَرَادَ أَنْ لاَ يُحْرِجَ أَحَدًا مِنْ أُمَّتِهِ،
::: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مدینہ(المنورہ)میں(ہی)کِسی خوف اور سفر کے بغیر ہی ظہر اور عصر کو جمع کر کے پڑھا،
ابو زُبیر کا کہنا ہے کہ ،میں نے سعید سے پوچھا کہ ، ایسا کیوں کیا؟ ، تو سعید نے کہا ، میں نے بھی ابن عباس سے اِسی طرح (یہی )پوچھا تھا، جِس طرح تُم نے مجھ سے پوچھا ہے، تو ابن عباس نے کہا تھا کہ """(رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم نے ایسا اِس لیے کیا)تا کہ اُن (صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم) کی اُمت میں سے کسی پر کوئی مُشقت نہ رہے"""﴾صحیح مُسلم/حدیث3/166کتاب صلاۃ المُسافرین/باب6جَوَازِ الْجَمْعِ بَيْنَ الصَّلاَتَيْنِ فِى الحَضرِ،
::::: (2) ::::: ایک اور روایت کے اِلفاظ درج ذیل ہیں ﴿جَمَعَ رَسُولُ اللَّهِ -صلى الله عليه وسلم- بَيْنَ الظُّهْرِ وَالْعَصْرِ وَالْمَغْرِبِ وَالْعِشَاءِ بِالْمَدِينَةِ فِى غَيْرِ خَوْفٍ وَلاَ مَطَرٍ:::رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مدینہ(المنورہ)میں(ہی)کِسی خوف اور بارش کے بغیر ہی ظہر اور عصر، اور مغرب اور عِشاء کو جمع فرمایا ﴾صحیح مُسلم/حدیث/1667کتاب صلاۃ المُسافرین/باب6جَوَازِ الْجَمْعِ بَيْنَ الصَّلاَتَيْنِ فِى الحَضرِ،
اِ س مذکورہ بالا حدیث شریف سے یہ بھی بالکل واضح ہو جاتا ہے کہ نماز جمع کرنے کا معاملہ صِرف سفر ، یا کسی عُذرجیسا کہ کوئی خوف ، یا،  بارش، یا، بیماری وغیرہ  تک ہی  محدود نہیں ہے ، بلکہ کسی بھی سبب سے اگر ظہر عصر مغرب اور عِشاء میں سے کسی نماز کو اُس وقت میں مُناسب طور پر ادا کرنے میں کوئی مُشقت کوئی سختی درپیش  ہوتی ہو تو دو نمازوں کو کسی ایک نماز کے وقت میں جمع (حقیقی)کیا جا سکتا ہے،
اور اِس کی حِکمت یہ بیان کی گئی کہ نمازی پر،نماز ادا کرسکنے کے بارے میں  کوئی حرج (مُشقت، سختی) نہ رہے،
جبکہ جمع صُوری کی صُورت میں وہ حرج (بمعنی مُشقت)برقرار رہتی ہے، بلکہ عام معمول سے زیادہ ہو جاتی ہے،
*1* اگر کوئی شخص نماز جمع کرنے کے وقت اکیلا ہے تو اذان اور اقامت  کہنا ا مستحب اور افضل ہے ،اور اگر دو یا دو سے زیادہ ہیں ،یعنی جماعت ہے تو پھر اذان اور اقامت کہنا لازم ہے ، اور اِسی طرح دونوں نمازوں کو جمع کرنے کی صُورت میں اقامت کہنے کا بھی یہی معاملہ ہے،
اِن کے دلائل درج ذیل ہیں :::
::::: (1) ::::: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم نے دو سفر کرنے والے لوگوں کو حکم دِیا کہ﴿إِذَا أَنْتُمَا خَرَجْتُمَا فَأَذِّنَا ثُمَّ أَقِيمَا ثُمَّ لِيَؤُمَّكُمَا أَكْبَرُكُمَا:::جب تم دونوں (سفر پر )نکل پڑو (اور نماز کا وقت آ جائے)تواذان کہواور اقامت کہو اور پھر تم دونوں میں جو بڑا ہے وہ اِمامت کروائے﴾   
اور اِنہی مالک بن حویریث رضی اللہ عنہ ُ  کو  حالت قیام کے لیے بھی یہی حکم فرمایا کہ﴿وَصَلُّوا كَمَا رَأَيْتُمُونِى أُصَلِّى ، فَإِذَا حَضَرَتِ الصَّلاَةُ فَلْيُؤَذِّنْ لَكُمْ أَحَدُكُمْ وَلْيَؤُمَّكُمْ أَكْبَرُكُمْ::: اور اُسی طرح نماز پڑھو جس طرح مجھے نماز پڑھتے ہوئے دیکھا ہے، اور جب نماز کا وقت ہو جائے تو تم لوگوں میں سے کوئی اذان کہے اور جو تم لوگوں میں بڑا ہو وہ تم لوگوں کی اِمامت کروائے ﴾صحیح بُخاری/حدیث/1109کتاب الاذان/باب18 الأَذَانِ لِلْمُسَافِرِ إِذَا كَانُوا جَمَاعَةً ، وَالإِقَامَةِ ،
::::: (2) ::::: اوپر ذِکر کردہ احادیث میں چوتھے نمبر پر بیان کی گئی حدیث ،
اُمید ہے کہ یہ معلومات دو نمازوں کو جمع کرنے کی حقیقی  کیفیت کی وضاحت سمجھنے کے لیے کافی ہوں گی،
نمازوں کو جمع کرنے کے متعلق کچھ اور مسائل بھی ہیں ، جنہیں میں قصداً یہاں ذِکر نہیں کر رہا ،
اللہ نے چاہا تو اُنہیں بعد میں شامل کر دیا جائےگا ، یا ، الگ مضمون کی صُورت میں پیش کر دِیا جائے گا،
"""حرج """ کی لغوی تشریح کے لیے لغت کی کتب میں سے دیکھیے"""لسان العرب"""،"""الصحاح فی اللغۃ"""، """المحیط فی اللغۃ """، میں مادہ """حرج"""،
اِس مسئلے میں مزید شرح و بسط کے لیے ملاحظہ فرمایے """شرح النووی علی صحیح مُسلم """،
 و السلام علیکم۔
 طلب گارء دُعاء ،
 عادِل سُہیل ظفر۔
تاریخ کتابت : 06/10/1437 ہجری ، بمطابق ، 11/07/2016عیسوئی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مضمون کا برقی نسخہ درج ذیل ربط پر مُیسر ہے :
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

Friday, March 10, 2017

::: مُسلمان عورت کا بغیر محرم کے سفر کرنا :::


::: مُسلمان عورت کا  بغیر محرم کے سفر کرنا :::
بِسمِ اللَّہ ،و الصَّلاۃُ و السَّلامُ عَلَی مُحمدٍ الذّی لَم یَکُن مَعہ ُ نبیاً و لا رَسولاً  ولا مَعصُوماً مِن اللَّہِ  و لَن یَکُون  بَعدہُ ، و علی َ أزواجہِ الطَّاھِرات و ذُریتہِ و أصحابہِ و مَن تَبِعھُم بِإِحسانٍ إِلیٰ یِوم الدِین ،
شروع اللہ کے نام سے ، اور اللہ کی رحمتیں اور سلامتی ہواُس محمد پر ، کہ جن کے ساتھ  اللہ کی طرف سے نہ تو کوئی نبی تھا ، نہ رسول تھا، نہ کوئی معصوم تھا ، اور اُن کے بعد بھی ہر گِز کوئی ایسا ہونے والا نہیں ، اوراللہ کی رحمتیں اور سلامتی ہو محمد رسول اللہ  کی  پاکیزہ بیگمات پر، اور اُن کی اولاد پر ،اور اُن کے صحابہ پر ، اور جو کوئی بھی ٹھیک طرح سے ان سب کی پیروی کرے اُس پر ۔
السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ،
یہ مسئلہ تقریباً ہر مُسلمان کے علم میں ہے کہ ، ایک مُسلمان عورت کا اکیلے، یا ،  اپنے محرم کے بغیر سفر کرنا جائز نہیں ، حرام ہے ،
یہ الگ بات ہے   کہ کتنے مُسلمان اِس مسئلے کو عملی طور پر قُبوُل کرتے ہیں اور کتنے نہیں کرتے ؟؟؟
اور یہ بھی ایک الگ مسئلہ ہے کہ کتنے مُسلمان  عورت کے بغیر محرم کے سفر کے  مسئلے میں باریکیاں تلاش کرتے ہوئے ، کچھ مختلف واقعاتی ، یا محض خیالاتی  امکانیات، اسباب ، اور وجوہات  کی بِناء پر ، تاویلات کرتے ہیں ، اور  محرم کے ساتھ کو مشروط قرار دیتے ہیں ،
اگر میں وہ سب کچھ یہاں پیش کرنے لگوں جو فقہاء رحمہم اللہ کی کتابوں میں لکھا گیا ہے تو شاید یہ مضمون بھی ایک کتاب کی سی صُورت اختیار کر جائے ،
لہذا میں بات کو اِن شاء اللہ مختصر اور مُفید رکھنے کی کوشش میں صِرف اہم نکات ذِکر کرتا ہوں ،
سب سے پہلے تو یہ جان لیجیے کہ کِسی مُسلمان عورت کو اُس کے محرم کے بغیر سفر کرنے سے اللہ کے رسول کریم محمد صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم نے منع فرمایا ہے ، اور  رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم کی طرف سے منع کیے گئے کام پر عمل کرنا حرام ہے ،
آیے ، پڑھتے اور سمجھتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم نے کِسی مُسلمان  عورت کو بغیر محرم کے سفر کرنے سے  کس قدر شدت سے منع فرمایا ہے ،
:::::: عبداللہ ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ نبی اکرم محمد صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم نے اِرشاد فرمایا (((لَا تُسَافِرَنَّ امْرَأَةٌ إِلَّا بِذِي مَحْرَمٍ , وَلَا يَخْلُوَنَّ رَجُلٌ بِامْرَأَةٍ إِلاَّ بِذِي مَحرَمٍ ::: کوئی عورت ہر گز محرم کے بغیر سفر نہ کرے ، اور نہ ہی کوئی مرد کسی طور کسی بغیر محرم کے ساتھ والی  عورت کے ساتھ تنہائی اختیار کرے)))صحیح ابن حبان /حدیث /5562کتاب الحظر الإباحۃ /ذِكْرُ الْبَيَانِ بِأَنَّ الْمَرْأَةَ زُجرت عَنْ أَنْ تَخْلُوَ بِغَيْرِ ذِي مَحْرَمٍ مِنَ الرِّجَالِ فِي السَّفَرِ وَالْحَضَرِ مَعًا،إمام الالبانی رحمہُ اللہ نے بھی صحیح قرار دِیا ،
:::::: صحیح مُسلم کی روایت کے اِلفاظ ہیں کہ (((لاَ يَخْلُوَنَّ رَجُلٌ بِامْرَأَةٍ إِلاَّ وَمَعَهَا ذُو مَحْرَمٍ وَلاَ تُسَافِرِ الْمَرْأَةُ إِلاَّ مَعَ ذِى مَحْرَمٍ::: کوئی مرد کسی طور کسی بغیر محرم کے ساتھ والی  عورت کے ساتھ تنہائی اختیار  نہ کرے ، اور نہ کوئی عورت محرم کے ساتھ کے بغیر سفر کرے  ))) صحیح مُسلم /حدیث /3336کتاب الحج /باب74 سَفَرِ الْمَرْأَةِ مَعَ مَحْرَمٍ إِلَى حَجٍّ وَغَيْرِهِ،
:::::: صحیح بخاری کی روایت میں اِس کی مزید وضاحت مل جاتی ہے ، اور خاص  طور پر کِسی عورت کا حج اور عمرے کے سفر کے لیے محرم کے بغیر جانے کے مسئلے کی وضاحت ہو جاتی ہے ،
کہ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم نے اِرشاد فرمایا کہ   (((لاَ يَخْلُوَنَّ رَجُلٌ بِامْرَأَةٍ ، وَلاَ تُسَافِرَنَّ امْرَأَةٌ إِلاَّ وَمَعَهَا مَحْرَمٌ::: کوئی مرد کسی (بغیر محرم کے ساتھ والی)  عورت کے ساتھ تنہائی اختیار کرے، اور کوئی عورت ہر گز محرم کے بغیر سفر نہ کرے  )))
تو ایک صحابی نے عرض کی """ يَا رَسُولَ اللَّهِ ، اكْتُتِبْتُ فِى غَزْوَةِ كَذَا وَكَذَا ، وَخَرَجَتِ امْرَأَتِى حَاجَّةً::: اے اللہ کے رسول ، میرا نام فُلاں فُلاں غزوے (یعنی جہادی مہم ) میں لکھا جا چکا ہے ، اور میری بیوی حج کرنے گئی ہے """،
تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم نےاُس صحابی کو حکم فرمایا (((اذْهَبْ فَحُجَّ مَعَ امْرَأَتِكَ::: جاؤ ، اور اپنی بیوی کے ساتھ حج کرو  ))) صحیح بخاری /حدیث /3006کتاب الجھاد/باب مَنِ اكْتُتِبَ فِى جَيْشٍ فَخَرَجَتِ امْرَأَتُهُ حَاجَّةً ، وَكَانَ لَهُ عُذْرٌ ، هَلْ يُؤْذَنُ لَهُ،
حیرت ، بلکہ دُکھ زدہ حیرت ہوتی ہے کہ ، لوگ عجیب و غریب قِسم کی تاویلات کرتے ہیں، اور عجیب و غریب فلسفے بیان کرتے ہیں ،
ایک فلسفہ  یہ بھی پڑھنے میں آیا کہ ممانعت والی احادیث  میں جو لفظ " إِلاَّ " اِستعمال ہوا ہے ، اُس میں تنہائی اور عورت کے غیر محفوظ رہنے کی عِلت ہے ، لہذا جب عورت کِسی قافلے کے ساتھ ہو گی تو یہ عِلت دُور ہوجائے گی، اور خاص طور پر آج کل کے ہوائی سفر کے دوران تو یہ عِلت رہتی  ہی نہیں ،
یہ فلسفہ نہ تو لغت کی تائید پاتا ہے ، اور نہ ہی احادیث شریفہ اور صحابہ رضی اللہ عنہم اجمعین کے فہم و عمل کی ،
اِس مذکورہ بالا حدیث  شریف  پر غور فرمایے ، قارئین کرام ،
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم نے ، جِہاد پر جانے والے ایک مجاہد کو ، جِس کا نام جِہادی مہم میں شمولیت کے لیے لکھا جا چکا تھا اور یُوں وہ جِہاد اُن پر واجب ہو چکا تھا ، اُنہیں وہ واجب   جِہاد ترک کر کے اُنکی بیوی کی ساتھ حج کے لیے جانے کا حکم فرمایا ،
یہ نہیں پوچھا کہ وہ اکیلی گئی ہے یا قافلے کے ساتھ ؟؟؟
اور نہ ہی یہ فرمایا کہ  اگر قافلے کے ساتھ ہے تو کوئی حرج نہیں، اور عورتیں بھی تو ہوں گی، قافلے میں عورتوں کی حفاظت کے لیے مرد بھی ہوں گے ، لہذا تم اپنے  جِہاد کے سفر پر جاؤ،
اور نہ ہی  یہ فرمایا کہ ، عورت  کے لیے بغیر محرم کے سفر کرنے والے میرے حکم سے حج اور عمرے کا سفر مستثنی ٰ ہے ، لہذا  کوئی بات نہیں ، لہذا کوئی حرج نہیں ، عورت حج اور عمرے کے لیے بغیر محرم کے بھی جا سکتی ہے ،
اگر اِن میں سے کوئی بھی معاملہ عورت کے لیے بغیر محرم کے سفر کرنے کا جواز ہوتا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم ایک مجاھد کو سفرء جہاد سے روک کر اُس کی بیوی کے ساتھ حج پر جانے کا حکم نہ فرماتے ،
پس ، واضح ہوا ، کہ محرم کے ساتھ سفر کرنے کے حکم کا سبب صِرف  یہی نہیں کہ عورت کی حفاظت کا انتطام ہو، جیسا کہ اب کچھ لوگ ہوائی سفر کو محفوظ خیال کرتے ہیں کہ عورت کہیں بھی اکیلی نہیں ہو پاتی، ہر طرف لوگ موجود ہوتے ہیں ، لہذا وہ محفوظ ہی ہوتی ہے ، اِس لیے ہوائی سفر میں محرم کی ضرور ت نہیں ،  جبکہ یہ بات بھی واقع کے خِلاف ہے ،
اللہ تعالیٰ سب مُسلمانوں کی عِزتوں کو محفوظ رکھے ، ہوائی سفر کرنے والا ہر شخص جانتا ہے کہ سیکورٹی وغیرہ کے نام پر کِسی بھی مُسافر کے ساتھ کہیں بھی کچھ بھی کیا جا سکتا ہے ، اور آس پاس والوں میں  کوئی اُس کا مدد گار نہیں ہو پاتا ،
محترم قارئین ،  اِس مذکورہ بالا حدیث شریف میں اِس  فسفلے کی بھی تردید ہوتی ہے کہ عورت اگر قافلے میں ہو ، تو بغیر محرم کے بھی سفر کر سکتی ہے ، خاص طور پر حج اور عمرے کا سفر ،
اور اِس بات کی بھی تردید ہوتی ہے ، کہ اگر قافلہ صِرف  با اعتماد عورتوں کا  ہی ہو ، تو  بھی سب عورتیں مل کر حج یا عمرے کے سفر پر جا سکتی ہیں ،
جِس صحابی رضی اللہ  عنہ ُ کو جِہاد چھوڑ کر اُن  کی   بیوی کے ساتھ حج پر جانے  کا حکم دِیا گیا ، بلا شک و ہ صحابیہ رضی اللہ عنہا بھی ایک قافلے میں ہی جا رہی تھیں ، جِس میں عورتیں اور مرد سب ہی شامل تھے ،   اور قافلہ بھی صحابہ رضی اللہ عنہم کا تھا ، نبیوں اور رسولوں کے بعد سب سے زیادہ سچے پکے اِیمان والوں، اور صاف دِلوں والوں  کا قافلہ ،  آج کے مُسلمانوں کا نہیں ، جن کی اکثریت حالت احرام میں بھی ، منیٰ اور مزدلفہ میں بھی ،  حدود حرم میں بھی ، اور تو اور حرم شریف میں بھی  اللہ تعالیٰ اور اُس کے رسول صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم کی نافرمانیوں سے باز نہیں آتے ،  واللہ المستعان ،
محترم قارئین ، یہ بات بھی خُوب اچھی طرح سے سمجھنے کی ہے کہ  حج اُس پر فرض ہوتا ہے جِس کے پاس سفر کے تمام وسائل اور ضروریات موجود ہوں ، اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم کے حکم کے مُطابق عورت کے ساتھ اُس کا کوئی محرم ہونا اُس کے لیے مطلوبہ  وسائل میں مُقرر فرما دِیا گیا ہے ، تو جِس کِسی کو وہ وسیلہ مُیسر نہیں ہوتا، اور وہ اپنے تئیں یا کِسی کے کہنے پر خُود کو اِس حکم سے مستثنیٰ سمجھ کر سفر  پر نکل پڑتی ہے ،تو   اُسے اللہ کے رسول کریم محمد صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم کی نافرمانی پر مبنی سفر اختیار کر کے کونسی نیکی ملے گی ؟؟؟
میں یہ بھی کہوں گا کہ، مُسلمان عورت کا بغیر محرم کے سفر کرنا صِرف اُس کی جسمانی اور مالی حفاظت کے لیے ہی نہیں ، کہ کِسی دُوسرے کے ذریعے یہ حفاظت حاصل کر  بھی لی جائے تو بھی   اُس کے اِیمان میں واقع ہونے والی کمی کے نقصان کا کوئی ازالہ نہیں ہوپائے گا ، کیونکہ اُس کا وہ سفر جو وہ محرم کے بغیر کرے گی ، اُس کے اِیمان میں نقص کا سبب ہو گا ،  اور یہ نُقصان کِسی اور کے ساتھ ہونے سے پورا ہونے والا نہیں ،
 رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم نے فرمایا ہے کہ (((لاَ يَحِلُّ لاِمْرَأَةٍ تُؤْمِنُ بِاللَّهِ وَالْيَوْمِ الآخِرِ أَنْ تُسَافِرَ مَسِيرَةَ يَوْمٍ وَلَيْلَةٍ لَيْسَ مَعَهَا حُرْمَةٌ  :::  جو عورت اللہ ، اور آخرت کے دِن پر اِیمان پر رکھتی ہے اُس کے لیے حلال نہیں کہ وہ  بغیر محرم کے ساتھ کے ، ایک دِن اور ایک رات سے زیادہ  سفر کرے ))) صحیح بخاری /حدیث /1088کتاب تقصیر الصلاۃ   /باب4 فِى كَمْ يَقْصُرُ الصَّلاَةَ ،صحیح مُسلم /حدیث /3331کتاب الحج/باب سَفَرِ الْمَرْأَةِ مَعَ مَحْرَمٍ إِلَى حَجٍّ وَغَيْرِهِ،
یہ روایت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ  ُ کی ہے ،  اِن دونوں مُقامات میں عبداللہ ابن عُمر رضی اللہ عنہما کی روایت بھی ہے جِس میں تین دِن اور تین رات کی مُدت کا ذِکر ہے کہ (((لاَ تُسَافِرِ الْمَرْأَةُ ثَلاَثَةَ أَيَّامٍ إِلاَّ مَعَ ذِى مَحْرَمٍ::: کوئی عورت محرم کے بغیر  تین دِن سے زیادہ   سفر نہ کرے ))) ، صحیح بخاری،
اور صحیح مُسلم کی روایت کے اِلفاظ ہیں (((لاَ يَحِلُّ لاِمْرَأَةٍ تُؤْمِنُ بِاللَّهِ وَالْيَوْمِ الآخِرِ تُسَافِرُ مَسِيرَةَ ثَلاَثِ لَيَالٍ إِلاَّ وَمَعَهَا ذُو مَحْرَمٍ::: جو عورت اللہ ، اور آخرت کے دِن پر اِیمان پر رکھتی ہے اُس کے لیے حلال نہیں کہ وہ  بغیر محرم کے ساتھ کے ، تین  دِن اور تین  رات سے زیادہ  سفر کرے)))
اب اگر ہم زیادہ مُدت یعنی تین دِن والی روایت کو بھی لیں تو بھی یہ بات تو اپنی جگہ ہی رہتی ہے کہ جو کوئی مُسلمان عورت تین دِن اور تین رات سے زیادہ مُدت والا سفر ، محرم کے بغیر کرتی ہے اُس کا یہ عمل اُس کے اِیمان میں کمزوری کا سبب ہوجاتا ہے ، کیونکہ جب وہ ایسا سفر کرے گی، اور اِس سفر میں رہے گی ،  رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم کے طرف سے حرام کردہ ایک کام میں ملوث رہے گی ، اللہ اور یومء آخرت  پر اِیمان میں کمی اور نقص کی حالت میں رہے گی،
:::::::  عورت کو حج یا عمرے کے لیے بغیر محرم کے سفر کرنے کی اجازت  دینے والوں کے پاس تاویلات اور فلسفوں کے عِلاوہ جو سب سے زیادہ مضبوط دلیل ملتی ہے وہ درج ذیل ہے :::
((( فَإِنْ طَالَتْ بِكَ حَيَاةٌ لَتَرَيَنَّ الظَّعِينَةَ تَرْتَحِلُ مِنَ الْحِيرَةِ ، حَتَّى تَطُوفَ بِالْكَعْبَةِ ، لاَ تَخَافُ أَحَدًا إِلاَّ اللَّهَ:::  اگر تمہاری عمر لمبی ہوئی تو تم دیکھو گے کہ حِیرہ سے اکیلی عورت  سفر کرے گی ، یہاں تک کہ کعبہ کا طواف کرے گی، اور اُسے اللہ کے عِلاوہ کوئی ڈرانے والا نہ ہو گا))) صحیح بخاری /حدیث /3595کتاب المناقب   /باب25 عَلاَمَاتِ النُّبُوَّةِ فِى الإِسْلاَمِ،
محترم قارئین، اِس  روایت  میں بھی  نبی اکرم  صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم کی طرف سے دی گئی پیش گوئیوں میں  کچھ پیش گوئیاں ذِکر کی گئی ہیں ،   اور اُن میں سے ایک پیش گوئی یہ اُوپر ذِکر کی گئی خبر ہے ،
یعنی ، یہ مُستقبل کی ایک خبر ہے ، جو اللہ تعالیٰ نے اپنے خلیل محمد   رسول اللہ صلی اللہ علیہ و علی آلہ وسلم کو عطاء فرمائی اور اُنہوں نے اپنے  ایک صحابی عدی بن حاتم رضی اللہ عنہ ُ کو عطاء فرمائی،  اِس میں کہیں کوئی ایسی بات نہیں ، کوئی ایسا ادنی  ٰ سا اِشارہ بھی نہیں کہ اِس کی بِناء پر ایک حرام کام کو حلال سمجھ لیا جائے ، یا ، اُس کام  کے کِسی انداز کو حلال سمجھ لیا جائے ،
معاملہ ہے تو بہت واضح ، لیکن ، اِس حدیث شریف کو دلیل بنانے والے صاحبان کا کہنا کچھ یُوں ہے کہ  اِس میں عورت کے کعبہ کی طرف سفر کرنے کا ذِکر ہے ، اور کعبہ کا طواف کرنے کا ذِکر ہے ، لہذا یہ پتہ چلا کہ اکیلی عورت حج یا عمرے کا سفر کر سکتی ہے ،
قارئین کرام ، اُن محترم و مکرم صاحبان  کی بات کو آپ اِس مثال کے ذریعے جانچیے ، کہ ، شراب خوری حرام ہے ، ناچ گانا کرنا، سُننا ، سُنانا سب حرام ہے ، مَردوں کے لیے ریشم پہننا حرام ہے،  اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وسلم کی  ز  ُبان مُبارک سے  اللہ تعالیٰ نے یہ خبر بھی کروائی ہے کہ ((((( لَیَکُونَنَّ مِن اُمَّتِی اَقوامٌ یَستَحَلُّونَ الحِرَ و الحَرِیرَ و الخَمرَو المَعازِفَ:::ضرور میری اُمت میں ایسے لوگ ہوں گے جو زِنا، ریشم (پہننے )اور شراب اور باجوں کو حلال کرنے کی کوشش کریں گے ))))) صحیح البُخاری / حدیث5590/ کتاب الأشربہ /باب 6 ،
یہ بھی بالکل اُسی طرح کی پیش گوئی جیسا کہ اکیلی عورت کے سفر کرنے والی ہے ، تو کیا یہ سمجھا جا سکتا ہے کہ جب اُمت کے کچھ لوگ شراب خوری، زِنا، ریشم پہننے ،  اور موسیقی کے آلات کا اِستعمال اور اُن کی تجارت وغیرہ کو حلال سمجھنے لگیں ، یا کہنے لگیں  تو یہ سب حلال ہوجائیں گے ، جِس طرح اکیلی عورت کا سفر واقع ہوجانے  سے سمجھا  جاتا ہے ؟؟؟
پس واضح ہو جاتا ہے کہ کِسی ناجائز او رحرام کام کے واقع ہوجانے سے یہ نہیں سمجھا جا سکتا کہ وہ حلال ہو گیا ،
کچھ فقہاء کرام رحمہم اللہ  نے حج اور عمرے کے لیے سفر کو اِس طرح کے خیالات کی بناء پر محرم کے بغیر بھی جائز قرار دِیا ہے ، اور کچھ  دیگر حالات کو بھی جائز قرار دِیا ہے ، اُن کی  مختلف بحثوں میں سے ، جو باتیں دُرُست لگتی ہیں وہ درج ذیل ہیں :::
حج اور عمرے کے سفر کے لیے بھی محرم کا ساتھ ہونا ضروری ہے ،
کوئی ایسا سفر جو مجبوری ہو، شرعی طور پر حالتء اضطرار پر مبنی ہو ، مثلاً ، موت  کے اندیشے والی بیماری ، یا اپاہجی وغیرہ کے اندیشے والی بیماری  کے   عِلاج کے لیے ، کافروں کے علاقے سے نکلنے کے لیے ، دُشمن کے نرغے سے نکلنے کے لیے ، ایسے سفر کے لیے محرم کے ساتھ کا انتظار نہیں کیا جانا چاہیے ، عورت اکیلے سفر کر سکتی ہے ،  واللہ اعلم،
اللہ تعالیٰ ہم سب کو اور ہمارے سب کو اُس کا دِین اُس کی رضا کے مُطابق سمجھنے، ماننے ، اپنانے اور اُسی پر عمل پیرا رہتے ہوئے اُس کے دربار میں حاضر ہونے والوں میں بنائے ،
والسلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ،
طلب گارء دُعاء ،
آپ کا بھائی ، عادِل سُہیل ظفر ۔
تاریخ کتابت : 05/06/1438ہجری، بمُطابق،04/03/2017عیسوئی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مضمون کا برقی نسخہ درج ذیل ربط سے نازل کیا جا سکتا ہے :
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔